بلی کو ہاتھ لگانے سے نوجوان لڑکی کی ٹانگیں مفلوج ہوگئیں

بلی کو ہاتھ لگانے سے نوجوان لڑکی کی ٹانگیں مفلوج ہوگئیں

ایک برطانوی لڑکی کو آوارہ بلی کو ہاتھ لگانا مہنگا پڑ گیا ، جو ایسی خوفناک بیماری میں مبتلا ہوئی کہ اس کا نچلا دھڑ ہی مفلوج ہو گیا۔ دی مرر کے مطابق ساﺅتھ پورٹ کی رہائشی 24سالہ جیما برک سیاحت کی غرض سے پرتگال میں موجود تھی۔ جیما بلیوں سے بہت محبت کرتی تھی چنانچہ پرتگال کے سیاحتی مقام البوفییرا پر اسے ایک آوارہ بلی نظر آئی۔ جیما اس بلی کے پاس چلی گئی اور اس کے جسم پر پیار سے ہاتھ پھیرتی رہی۔ اسے کیا معلوم تھا کہ اس بلی کے جسم پر خوفناک قسم کی انفیکشن کے جراثیم موجود ہیں۔ یہ جراٹیم جیما کو لگے اور وہ گیلین بیرے سنڈروم(Guillain Barre syndrome)نامی بیماری کا شکار ہو گئی۔جیما کا کہنا تھا کہ اس بلی کو چھونے کے تین دن بعدمجھے قے آنی شروع ہو گئی۔ اس روز مجھے واپس برطانیہ کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن مجھے اتنی زیادہ قے آ رہی تھی کہ اس پر کنٹرول کرنا میرے بس میں نہیں تھا۔ تاہم میں جہاز میں سوار ہو گئی لیکن دوران پرواز میری طبیعت اتنی خراب ہوئی کہ میں بے ہوش ہو گئی۔ ساﺅتھ پورٹ واپس پہنچتے ہی میں ہسپتال گئی جہاں ڈاکٹروں نے ٹیسٹ کیے اور بتایا کہ میرے جسم میں ’کیمپیلوبیکٹر‘ (Campylobacter)نامی بیکٹیریا موجو دہے جو عام طور پر کچے چکن میں پایا جاتا ہے۔ ڈاکٹروں نے دوروز علاج کے بعد مجھے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا لیکن ایک ہفتے بعد ہی مجھے اپنے جسم کا نچلا دھڑ سُن ہوتا محسوس ہوا۔ اگلے روز میں دوبارہ ہسپتال گئی تو ڈاکٹروں نے گیلین بیرے سنڈروم نامی بیماری کی تشخیص کر دی۔ “

رپورٹ کے مطابق اب جیما کا اپنے نچلے دھڑ پر کوئی کنٹرول نہیں رہا اور وہ اپنی ٹانگوں پر کھڑی نہیں ہو سکتی۔ جیما کا کہنا ہے کہ ”اس واقعے کی وجہ سے میں بلیوں سے اس قدر خوفزدہ ہو گئی ہوں کہ اب میں پالتوبلیوں کو بھی ہاتھ نہیں لگاتی۔

اپنا تبصرہ لکھیں