مصر کے شہر المنزلہ میں ایک گھر میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب دولہا کا بھائی دیگر افراد کے ساتھ رقص کرتے ہوئے اچانک دل کا دورہ پڑنے سے گر پڑا اور پھر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
العربیہ نیوز کے مطابق یہ اندوہ ناک واقعہ دارالحکومت قاہرہ سے 200 کلو میٹر دور واقع شہر المنزلہ کے علاقے الحمزاوی میں پیش آیا۔ اس موقع پر تقریب کے لیے رنگ برنگی روشنیاں اور قمقمے لگائے گئے تھے۔دولہا کا 27 سالہ بھائی محمد محمود رشاد دیگر افراد کے ساتھ رقص میں مصروف تھا کہ اچانک بے ہوش کر زمین پر گر گیا۔ رقص و سرور میں مصروف لوگوں نے اس بات پر توجہ نہیں دی۔ تاہم کچھ دیر بعد نوجوانوں کو دولہا کے بھائی کے اطراف جمع دیکھا گیا جو اسے دوبارہ ہوش میں لانے کی کوششیں کر رہے تھے۔ محمد کے ہوش میں نہ آنے پر اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد یہ تصدیق کی کہ دل کو دورہ نہایت شدید تھا جس کے نتیجے میں دولہا کا نوجوان بھائی فوری طور پر فوت ہو گیا۔محمد کی موت کی خبر پہنچنے پر شادی کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ دولہا کی ماں اپنے جواں سال بیٹے کی اچانک موت پر صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ محمد کی تدفین ہفتے کی شام کر دی گئی۔