ہمسایہ ملک بھارت میں آکسیجن کی کمی کے سبب کورونا وائرس کے سینکڑوں مریض موت کے منہ میں جا رہے ہیں اور اب پاکستان میں بھی آکسیجن کی کمی کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا ہے۔
انگریزی جریدے دی نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ آکسیجن بنانے والی کمپنیوں کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا کی موجودہ لہر کے دوران اگر آکسیجن کی صنعتی شعبے کو فراہمی نہ روکی گئی تو ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی ہو سکتی ہے۔ کمپنیوں کا کہنا تھا کہ وہ عام حالات میں ایک مہینے کا سٹاک رکھتی ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں کو آکسیجن فراہم کرنی پڑ رہی ہے۔
پاکستان آکسیجن لمیٹڈ کے مطابق ملک میں پانچ کمپنیاں ہسپتالوں کو آکسیجن فراہم کرتی ہیں۔ موجودہ حالات میں وہ اپنی 100فیصد پیداوار دے رہی ہیں۔ حکام کی طرف سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی واقع ہوئی تو یہاں بھی بھارت جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔