وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بھاری دل کے ساتھ کیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ہم نے تعلیمی ادارے کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے پر بند کیے اور تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بھاری دل کے ساتھ کیا۔انہوں نے کہا کہ میری طلبہ سے گزارش ہے یہ وقت چھٹیوں میں مت گزاریں اور طلبہ اپنے نصاب کو دوبارہ پڑھیں، ہوم ورک کریں،وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبا اپنی پڑھائی زیادہ سے زیادہ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے ایک مہینہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ملک کے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران ملک بھر میں تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز کا انعقاد کریں گے اور 11 جنوری سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔