جاپان کے ایک ننجا میوزیم میں ننجا طرز کی ایک انوکھی واردات رونما ہو گئی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق چوری کی یہ واردات وسطی جاپان کے ایگاریوننجا میوزیم میں ہوئی۔ یہ میویزم ننجا کے معروف گروہ ایگا کی تاریخ کے لیے بنایا گیا تھا۔ چوروں نے اس میں واردات بھی ننجا کی طرز پر ہی کی اور صرف 3منٹ کے وقت میں بھاری بھرکم دروازہ توڑ کر ڈیڑھ سو کلوگرام وزنی تجوری لے اڑے، جس میں 30لاکھ ین (تقریباً47لاکھ 82ہزار روپے) کی رقم موجود تھی۔
جاپانی میڈیا کے مطابق چوروں نے انتہائی برق رفتاری اور چالاکی سے یہ واردات کی اور ان کا طریقہ واردات ننجا سے بہت مماثلت رکھتا تھا۔ اس تجوری میں میوزم میں داخل ہونے والے 1100سے زائد افراد کی فیس کی رقم موجود تھی۔ پولیس کے مطابق چور مقامی وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے کے بعد میوزیم کے اہلکاروں کی روانگی کے بعد میوزیم میں داخل ہوئے۔ واضح رہے کہ یہ میوزیم سیاحوں میں بہت مقبول ہے جہاں لوگ ننجا کے زیراستعمال ہتھیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہی اور وہاں ننجاشوز بھی دیکھتے ہیں۔یہاں لوگوں کو ان ننجا ہتھیاروں کا استعمال سکھایا بھی جاتا ہے۔