جمعۃ المبارک کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر پورے ملک کے اندر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم یکجہتی فلسطین منایا جائے گا۔ ملک بھر کے علماء ومشائخ ، آئمہ خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کی تائید و حمایت کریں گے اور اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔ عالمی دنیا سے اپیل کی جائے گی کہ وہ اس ظلم و ستم کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تا کہ آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو جس کا دارالخلافہ القدس ہو ۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
طاہر اشرفی نے بتایا کہ صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم کی ہدایات پر پاکستان کے ہلال احمر کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ادویات کے سلسلہ میں فلسطینی بھائیوں کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ پاکستان فلسطین اور کشمیر کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ اس وقت عالم اسلام میں پاکستان کی حکومت نے اور پاکستان کے عوام نے فلسطینی عوام کے ساتھ جس انداز سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں بھی ساری توجہ اس بات پر تھی کہ مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اس کو روکنے کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کے جو مسائل ہیں ان کے حل کیلئے جو بھی ذمہ داری لگائی جائے پاکستان اس کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وژن اور سوچ یہ ہے کہ ہم امت مسلمہ کو ایک کریں کیونکہ کوئی ایک ملک ان مسائل پر اس طرح کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا جس طرح پور ی امت مل کر کردار ادا کر سکتی ہے۔ وزیر اعظم اسلامی ممالک کے سربراہان سے ہر سطح پر رابطے میں ہیں۔ اسرائیل مسلسل بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ الاقصیٰ پوری امت مسلمہ کیلئے خط احمر ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم مسلمان ممالک کی واحد متفقہ تنظیم ہے اور اس وقت اس کی سربراہی سعودی عرب کے پاس ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کا فلسطین کے مسئلے پر موقف ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں سیز فائر پہلی ترجیح ہے اور ان شاء اللہ پاکستان اپنی کوششوں میں کامیاب ہو جائے گا۔