وسیم ساحل
امریکی خلائی ادارے ناسا کے ارضیاتی مشاہدے کی بین الاقوامی خلائی رسد گاہ سے لی گئی تصاویرکچھ ماہ پہلے شیئر کی ہیں ان تصاویر میں پاکستان اور بھارت کو تقسیم کرنے والی بین الاقوامی سرحد اور ورکنگ باﺅنڈری سرحد کی تصاویربھی شامل ہیں۔ سکیورٹی لائٹس ایک سنگترے کی شکل میں واضح اور شفاف لکیر میں دکھائی دیتی ہے اورپاک بھارت سرحد کی خلا ءسے بھی با آسانی شناخت کی جاسکتی ہے۔ یہ تصاویر ناسا کے آفیشل ’فیس بک پیج‘ پر جاری کی گئی ہیں ۔ امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے کے مطابق دنیا میں چندہی ایسے مقامات ہیں جہاں خلا سے رات کو بین الاقوامی سرحدیں دیکھی جاسکتی ہیں ۔خلا سے لی گئی پاک بھارت انٹرنیشنل بارڈر کی تصاویر میں جہاں بارڈر لائن روشن ہے وہیں سرحد کے دونوں جانب سکیورٹی چیک پوسٹس اور دیگر سکیورٹی پوائنٹس پر ییلو لائٹس ٹمٹما رہی ہیں جو انتہا ئی دلکش اور خوبصورت نظارہ دے رہی ہیں۔ ناسا کی جانب سے دوسری تصویر 2011میں پوسٹ کی گئی تھی ۔ تصاویر میں روشنیوں کا شہرکراچی بھی رات کی تاریکی میں جگمگاتا ہوا نظر آتاہے جبکہ نئی دہلی اس کے مقابلے میں چھ حصے چھوٹا نظر آ رہا ہے۔ یہ تصاویر ایک امریکی خلانود نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے 23ستمبر کی شب نائیکون ڈی فور ڈیجیٹل کیمرے میں 28 ملی میٹر کے عدسے کا استعمال کرتے ہوئے لی ہیں جس میں دریائے سندھ کی وادی بھی دکھائی گئی ہے ۔