وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں اوورسیز پاکستانیوں سے مدد مانگی گئی جس پر امریکہ میں مقیم ایک ڈاکٹر نے اپنا سب کچھ بیچ کر پاکستان آنے کا اعلان کردیا ہے۔ عدنان ملک نامی ڈاکٹر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ امریکہ میں فزیشن ہیں اور گزشتہ 10 سال سے مقیم ہیں ۔ ’ میں نیو ناٹولوجسٹ اور ریجنل ڈائریکٹر ہوں‘۔
ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کا قوم سے خطاب سنا جس میں انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر ملک کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں۔ عمران خان کی یہ بات سن کر میں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پاکستان واپس آﺅں گا اور ملک کی خدمت کروں گا ۔جھیل کے کنارے میرا گھر ہے ، میں اپنی تمام جائیداد بیچ کر سارے ڈالر پاکستان لے کر آرہا ہوں ، میری بیوی بھی ڈاکٹر ہے اور میں نے اسے کہہ دیا ہے کہ اپنی نوکری سے استعفیٰ دے دو۔
ڈاکٹر عدنان نے اوورسیز اور ملک میں موجود پاکستانیوں سے درخواست کی کہ تمام لوگ بڑھ چڑھ کر اپنے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں کیونکہ اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے اس لیے سب نے مل کر اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانا ہے۔
ڈاکٹر عدنان کے ویڈیو پیغام پر لوگ طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں لیکن سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی نے شاندار مشورہ دیا ۔ ٹیلی کمیونیکیشن سے وابستہ احمد بلال نے ڈاکٹر عدنان کو انتظار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وہ خود سعودی عرب میں مقیم ہیں لیکن اوورسیز پاکستانی اس وقت جو کام کرسکتے ہیں وہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ پاکستان بھیجیں اور جب ہمارے ملک کی معاشی حالت بہتر ہوجائے تو واپس جائیں۔
احمد بلال نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت زر مبادلہ کی اشد ضرورت ہے ، اوورسیز پاکستانی بھی پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی اگر ملک کی براہ راست خدمت کرنا چاہتے ہیں تو وہ ڈیم جیسے پراجیکٹس کیلئے براہ راست پیسے بھیج سکتے ہیں اور جب بھی ملک کو ہماری ضرورت محسوس ہو ہم واپس چلے جائیں کیونکہ ہماری دھرتی ہی ہمارے لیے سب کچھ ہے۔