’جہاز میں بم ہے‘ فون کال نے ائیرپورٹ پر کھلبلی مچادی، لیکن یہ کیوں کیا گیا تھا؟ حقیقت سامنے آئی تو ہر کسی کو غصہ چڑھ گی

’جہاز میں بم ہے‘ فون کال نے ائیرپورٹ پر کھلبلی مچادی، لیکن یہ کیوں کیا گیا تھا؟ حقیقت سامنے آئی تو ہر کسی کو غصہ چڑھ گیا

ہوائی جہاز میں بم کی اطلاع ملنا ایک ایسی خطرناک بات ہے کہ جس کے باعث پروازیں منسوخ ہو جاتی ہیں، ائرپورٹ بند ہو جاتے ہیں، ہزاروں مسافروں کو سخت پریشانی اٹھانی پڑتی ہے، اور کروڑوں کا نقصان ہو جاتا ہے۔ ایسے میں اس سے بڑھ کر بھی حیرت کی بات کوئی ہو سکتی ہے کہ امریکا میں ایک شخص نے صرف اس وجہ سے طیارے میں بم کی جھوٹی اطلاع دے دی کیونکہ وہ بروقت ائیرپورٹ نہیں پہنچ سکا تھا اور چاہتا تھا کہ پرواز کچھ تاخیر سے روانہ ہو۔

ڈیٹن ڈیلی نیوز کے مطابق 40 سالہ ڈاناکارٹر کو سنسناٹی شمالی کنٹیکی ائیرپورٹ سے یونائیٹڈ ائرلائن کی پروز کے ذریعے ریاست ٹیکساس جانا تھا۔ جب اس نے دیکھا کہ وہ بہت لیٹ ہو گیا ہے اور پرواز اسے چھوڑ کر نکل جائے گی تو اس احمق نے یہ حل سوچا کہ طیارے میں بم کی موجودگی کی کال کر دی جائے، اور پھر اس سوچ پر عمل بھی کر دیا۔

جب اس نے کال کر کے طیارے میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی تو ائیرپورٹ پر کھلبلی مچ گئی اور آنے جانے والی سب پروازیں معطل کر دی گئیں۔ طیارے کی تفصیلی تلاشی لی گئی اور پتا چلا کہ کسی نے جھوٹی اطلاع دی تھی۔ اسی دوران ڈانا ائیرپورٹ پہنچ گیا تھا اور دو گھنٹے کے وقفے کے بعد پروازوں کا سلسلہ شروع ہوا تو اسے بھی متبادل پرواز میں سوار کروا کے روانہ کر دیا گیا۔

ڈانا نے اپنی ’ذہانت‘ سے پرواز تو مس نہیں ہونے دی لیکن جب پولیس اسے گرفتار کرنے پہنچی تو ضرور اسے اپنی حماقت کا احساس ہوا ہو گا۔ سکیورٹی ادارے جلد ہی اس کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو گئے تھے اور گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ عدالت نے اسے انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل کا مرتکب قرار دیتے ہوئے چار ماہ قید اور 7700 ڈالر (تقریباً 987000 پاکستانی روپے) جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ قید سے رہائی کے بعد بھی تین سال تک قانون نافذ کرنے والے وفاقی ادارے اسے زیر نگرانی رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں