21جون کو یوگا کا عالمی دن منایا گیا۔ اس موقع پر حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک ٹویٹ کی گئی جس میں بھارتی جھنڈے کا نشان بھی شامل تھا۔ پاکستانی حکومت کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے بھارتی جھنڈے کا نشان پوسٹ کیے جانے پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہے اور لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ایسا کیوں کیا گیا؟ بھارتی میڈیا بھی اس غلطی کو کافی ہوا دے رہا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا نے اس معاملے پر سرخی جمائی کہ ”دیکھیں کس نے یہ سنگین غلطی کی ہے: پاکستانی حکومت کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے بھارتی جھنڈے کی علامت پوسٹ کر دی گئی۔“ٹائمز آف انڈیا ہی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت پاکستان کے اکاﺅنٹ سے کی جانے والی یہ ٹویٹ بعد ازاں فوری طور پر ڈیلیٹ کر دی گئی اور دوبارہ ایک ٹویٹ کی گئی جس میں بھارتی جھنڈے کی علامت شامل نہیں تھی۔