خلائی مخلوق یا قدرتی کرشمہ؟ آسمان میں عجیب و غریب ہیبت ناک گولا نظر آگیا، لوگوں نے تصاویر بھی بنالیں

1

اڑن طشتریوں میں بیٹھ کر ہماری زمین پر آنے والی خلائی مخلوق کے بارے میں آپ نے بھی بہت سی کہانیاں سن رکھی ہوں گی۔ اگرچہ سائنسدان ان کہانیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہیں لیکن روس کے علاقے سائبیریا میں رات کے وقت آسمان پر تیز روشنی کا ایسا دیوقامت گولا ظاہر ہو گیا کہ اسے دیکھنے والے واقعی خلائی مخلوق کے خوف سے گھروں میں چھپ گئے۔
ویب سائٹ سائبیرین ٹائمز کے مطابق سائبیریا کے برفانی علاقے میں سالیخادر شہر کا آسمان رات کے وقت روشنی کے ایک دیو قامت گولے کی وجہ سے روشن ہوگیا۔ یہ روشن گولا پورے خطے میں سینکڑوں کلومیٹر پر محیط علاقے میں دیکھا گیا۔ سائبیریا کے مشہور فوٹوگرافر سرگئی انیسی مووف نے اس کی تصاویر بھی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا ”پہلے تو میں اسے دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا اور کئی منٹ تک اسے دیکھتا ہی رہا۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی تھی کہ یہ کیا ہورہا ہے اور میں کیا کروں۔ یہ دور واقع جنگل کے درختوں کے پیچھے سے بلند ہورہا تھا اور تیزی کے ساتھ اوپر کی جانب بڑھ رہا تھا۔ یہ طویل فاصلے تک آسمان کی جانب بڑھا اور پھر اچانک غائب ہوگیا۔ جب میں اپنے گھر کی جانب واپس آرہا تھا تو سب لوگ اس کے بارے میں بات کررہے تھے اور ننھے بچے بھی اسے دیکھنے پر اپنی حیرانی اور خوشی کا اظہار کررہے تھے۔ ہر کسی کی زبان پر خلائی مخلوق کے الفاظ تھے۔“

2

جس مقام پر سرگئی نے اس روشن گولے کو دیکھا اس سے 840 کلومیٹر کی دوری پر موجود ایک فوٹوگرافر الیکسی یاکولیف نے بھی اسے دیکھا اور اس کی تصاویر بنائیں۔ انہوں نے بتایا ”یہ بہت طویل فاصلے پر تھا لیکن میں دیکھ سکتی تھی کہ یہ روشنی کا بہت بڑا مرغولہ تھا اور یہ تیزی سے آسمان کی جانب اٹھا اور غائب ہوگیا۔ اس وقت میرے ساتھ کئی اور لوگ بھی موجود تھے اور ہم سب نے اسے دیکھا۔ اس لئے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ صرف میرا وہم یا کوئی بصری دھوکہ تھا۔“

روشنی کے پراسرار گولے کو دیکھنے والے ایک اور شخص واسلے زوبکوف کا کہنا تھا”میں سگریٹ پینے کے لئے باہر نکلا تھا اور اچانک میں نے اس عجیب و غریب چیز کو دیکھا۔ یہ بہت روشن اور بے حد بڑا تھا۔ مجھے تو یوں لگا کہ دنیا کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں اس طرح کی چیز پہلے کبھی نہیں دیکھی، بلکہ خواب میں بھی تصور نہیں کیا تھا کہ کوئی ایسی چیز نظر آسکتی ہے۔“

دوسری جانب روسی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسی رات روس کے سٹریٹجک آرمڈ فورس ڈویژن نے ایٹمی بیلسٹک میزائل ’ٹوپول ایم‘ فوجی اڈے سے چھوڑا تھا اور اس کا ہدف کورا ٹیسٹنگ رینج تھا۔ غالب امکان ہے کہ لوگوں نے جس عجیب و غریب روشن گولے کو دیکھا وہ درصل بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تھا، تاہم اس بارے میں کوئی حتمی بات تاحال سامنے نہیں آئی۔

other

اپنا تبصرہ لکھیں