کورونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے جبکہ اس وبا کی وجہ سے لازمی قرار پانے والے فیس ماسکس نے لپ اسٹک کو خواتین کی زندگیوں سے نکال باہر کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق فیس ماسک لازمی قرار پانے کے بعد سے لپ اسٹک کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے۔ مارکیٹ کے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کی وباءآنے اور فیس ماسک لازمی قرار پانے کے بعد سے لپ اسٹک کی فروخت میں 49فیصد کمی آ چکی ہے۔ اس کے برعکس آنکھوں کے میک اپ کی اشیاءمیں 25فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صرف برطانیہ میں ہر سال 10کروڑ پاﺅنڈ کی لپ اسٹک استعمال ہوتی تھی۔ میک اپ آرٹسٹ میرا پارمر کا کہنا تھا کہ ”لپ اسٹک کی فروخت کم ہونے کی وجہ واضح ہے۔ اگر خواتین فیس ماسک کے نیچے لپ اسٹک لگائیں گی تو وہ پھیل کر ان کے پورے میک اپ کو بگاڑ دے گی، چنانچہ خواتین نے لپ اسٹک کا استعمال ترک کر دیا ہے اور اب صرف ایسی جگہوں پر جانے کے لیے ہی لپ اسٹک استعمال کرتی ہیں جہاں فیس ماسک کی پابندی نہیں ہوتی۔“