اب موٹر سائیکل صرف دوڑے گی نہیں بلکہ اڑے گی بھی، کیونکہ یہ دبئی ہے جناب، جہاں کی ہر بات ہی نرالی ہے۔ دبئی کی پولیس دنیا جہاں کی پولیس سے آگے نکل گئی ہے کیونکہ اس کے پاس دنیا کی مہنگی اور طاقتور ترین گاڑیاں تو پہلے ہی تھیں اور اب اسے اڑنے والی موٹر سائیکل بھی ملنے والی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق دبئی میں منعقد ہونے والے ٹیکنالوجی شو Gitex میں پہلی بار وہ موٹر سائیکل دنیا کے سامنے پیش کر دی گئی ہے جو سڑک پر تو دوڑے گی ہی لیکن ضرورت پڑنے پر اڑے گی بھی۔ یہ اڑنے والی موٹر سائیکل روس کی ٹیکنالوجی کمپنی Hoversurf کے تعاون سے تیار کی گئی ہے اور اسے ایمرجنسی صورتحال میں مجرموں کے تعاقب کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ یہ نئی ایجاد دبئی پولیس کو ملنے کے بعد مجرم تو ٹریفک جام میں پھنس سکتے ہیں لیکن پولیس کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔ اسی طرح کوئی بھی ایسی جگہ جہاں گاڑی کا جانا ممکن نہیں ہو گا وہاں بھی پولیس اس موٹر سائیکل کے ذریعے پہنچ سکے گی۔
یہ حیرتناک موٹر سائیکل زمین سے 15 فٹ کی بلندی پر اڑ سکے گی اور اس پر ایک شخص کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔یہ 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مسلسل 25 منٹ تک اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور 300 کلوگرام وزن اٹھا سکتی ہے۔اگر اسے پائلٹ کے بغیر ایک ڈرون کے طور پر اڑایا جائے تو یہ چھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔