بھارت کے امیر ترین آدمی مکیش امبانی کا گھر اس وقت دنیا میں دوسرا مہنگا ترین گھر ہے۔ ان کا یہ 27منزلہ عالیشان گھر ممبئی کے ایلٹاماﺅنٹ روڈ پر کمبالا ہل میں واقع ہے۔ اب اس گھر کے متعلق کچھ ایسی تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق مکیش امبانی کے اس گھر کا نام ’انٹیلیا‘ (Antilia)ہے جو بحراوقیانوس میں واقع ایک افسانوی جزیرے کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ جزیرہ پرتگال اور سپین کے ساحل کے قریب واقع ہے۔ انٹیلیا کی مالیت کا تخمینہ اس وقت 2ارب ڈالر سے زائد لگایا جاتا ہے، چنانچہ اس لحاظ سے یہ بظاہر برطانوی شاہی محل ’بکنگھم پیلیس‘ کے بعد دنیا کی دوسری مہنگی ترین رہائش گاہ ہے۔ یہ گھر حیران کن طور پر ریکٹر سکیل پر 8شدت تک کے زلزلے کو بھی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس گھر کا کل رقبہ 4لاکھ مربع فٹ ہے اور اس میں 600سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امبانی کے گھر میں تین ہیلی پیڈز، سوئمنگ پولز، سپا، جم، آﺅٹ ڈور گارڈنز، سنیما گھر، پارکنگ، جیکوزی، یوگا سنٹر، ڈانس سٹوڈیو، آئس کریم پارلر اور ایک بڑا مندر موجود ہے۔ گھر میں بے شمار لاﺅنجز اور بیڈرومزہیں جن کی سجاوٹ آنکھوں کو خیرہ کرتی ہے۔یہاں ایک بہت بڑا بال روم بھی ہے جس کی چھت کا 80فیصد حصہ عالیشان فانوسوں سے سجا ہوا ہے۔ گھر میں ایک شراب خانہ بھی ہے اور کئی کمرے سیکیورٹی گارڈز اور دیگر ملازمین کے لیے مختص ہیں۔ اس کا ڈیزائن امریکی ماہرین تعمیرات نے بنایا تھا۔ مکیش امبانی لگژری کاروں کے بہت شوقین ہیں اور گھر کی چھٹی منزل کاروں کے گیراج کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ اس گیراج میں 168گاڑیاں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔اس گیراج میں مکیش امبانی کی 5کروڑ روپے مالیت کی مے بیک سمیت درجنوں لگژری گاڑیاں کھڑی ہیں۔