دنیا کی وہ خاتون جس کو لاک ڈاﺅن نے امیر کردیا، اپنی عقل استعمال کر کے کروڑ پتی بن گئی

دنیا کی وہ خاتون جس کو لاک ڈاﺅن نے امیر کردیا، اپنی عقل استعمال کر کے کروڑ پتی بن گئی

برطانیہ میں پہلے لاک ڈاﺅن کے دوران ایک ماں نے اپنے تین بیٹوں کو جسمانی اعتبار سے متحرک رکھنے کے لیے کچھ فٹ بال گیمز تیار کیں تاہم اس کا یہ آئیڈیا اتنا مقبول ہوا کہ اسے کروڑ پتی بنا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس 39سالہ جیما کولز نامی خاتون کا تعلق برطانوی شہر بورن متھ سے ہے، جس نے اپنے بچوں کو لاک ڈاﺅن کے دوران ویڈیوگیمز اور موبائل فون سے دور رکھنے کے لیے 14فٹ بال گیمز اور فٹ بال سے متعلق70دیگرسرگرمیاں وضع کیں۔ اس نے یہ گیمز اور سرگرمیاں نہ صرف بچوں کو جسمانی اعتبار سے متحرک رکھنے بلکہ گھر کے اندر رہتے ہوئے ان کی فٹ بال کھیلنے کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق جیما کے بچوں کو یہ گیمز اور سرگرمیاں بہت پسند آئیں اور وہ لاک ڈاﺅن کے دوران مسلسل ان گیمز کو کھیلتے رہے۔ بچوں کی ان گیمز اور سرگرمیوں میں دلچسپی دیکھ کر جیما اور اس کے شوہر نے اسے کاروبار میں بدلنے کا فیصلہ کیا اور چھٹیوں کی غرض سے جمع کیے گئے 5ہزار پاﺅنڈ کو خرچ کرتے ہوئے انہوں نے ’شفل اپ‘ (Shuffle Up)کے نام سے ایک مجموعے کی شکل دے کر فروخت کرنا شروع کر دیا۔ اب تک جیما ان گیمز کی فروخت سے 1لاکھ 80ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 3کروڑ 91لاکھ روپے) کما چکی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس کاروبار کو مزید پھیلانے پر کام کر رہی ہے۔ اس مجموعے میں ان 14گیمز اور 70سے زائد سرگرمیوں کی ہدایات تحریر اور تصاویر کی صورت میں مہیا کی گئی ہیں جو بچوں میں بے حد مقبول ہو رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں