ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور ٹیسلا کے مالک ایلن مسک کے درمیان دنیا کے امیرترین آدمی کے اعزاز کے لیے ایک دوڑ جاری ہے، ایک وقت میں ایک آگے نکلتا ہے تو کچھ دنوں یا ہفتوں بعد ہی دوسرا اسے پچھاڑ دیتا ہے۔ اب ایلن مسک کئی ہفتے تک دنیا کے پہلے امیر ترین شخص رہنے کے بعد ایک ہفتے کے دوران 27ارب ڈالر کا نقصان اٹھانے کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور جیف بیزوس دوبارہ دنیا کے امیر ترین آدمی بن گئے ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق ایلن مسک کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں گزشتہ پیر کے روز سے کمی واقع ہو رہی ہے۔ کمپنی کے شیئر کی قیمت گرنے سے ایلن مسک کی دولت میں 27ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے جس ان کی دولت جیف بیزوس سے 20ارب ڈالر کم ہو گئی ہے۔گزشتہ جمعہ کے روز مارکیٹس بند ہونے پر 49سالہ ایلن مسک کی دولت ایک ہفتے پہلے کی نسبت 15فیصد کمی کے ساتھ157ارب ڈالر کی سطح پرآ گئی جس سے دولت کے لحاظ سے وہ دنیا میں دوسرے نمبرپر چلے گئے اور جیف بیزوس 20ارب ڈالر کی اضافی دولت کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گئے۔