گوگل میپس‘گوگل کی ایک ایسی اختراعی پراڈکٹ ہے کہ جو دنیا بھر کی رہنمائی کر رہی ہے۔ آپ نے جو جگہ زندگی میں کبھی نہیں دیکھی، وہاں بھی گوگل میپس کی مدد سے بغیر کسی سے راستہ پوچھے پہنچ سکتے ہیں تاہم اب انڈونیشیاءسے گوگل میپس کی غلطی کا ایک ایسا واقعہ سامنے آ گیا ہے کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیاءکے جزیرے جکارتہ کے ایک قصبے میں پیش آیا ہے جہاں ایک دولہا گوگل میپس کی غلطی کی وجہ سے اپنی دلہن کے گھر پہنچنے کی بجائے دوسرے گاﺅں چلا گیا اور اتفاق سے وہاں بھی ایک لڑکی کی شادی ہو رہی تھی۔ یوں یہ دولہا غلطی سے کسی اور کی دلہن کو بیاہتے بال بال بچا۔
انڈونیشین میڈیا کے مطابق اس دولہے کا تعلق وسطی جاوا کے ضلع پاکیس میں واقع لوساری گاﺅں سے تھا۔ وہ اپنی بارات کے ہمراہ گوگل میپس کے ذریعے دلہن کے گاﺅں جا رہا تھا کہ ایپلی کیشن کی غلطی سے وہ جنگکول نامی گاﺅں میں پہنچ گیا۔ اتفاق سے وہاں بھی ماریا اولفا نامی ایک لڑکی کی شادی ہو رہی تھی، جس کے دولہا کا نام برہان صدیقی تھا اور وہ رنگینم نامی گاﺅں سے بارات لے کر آنے والا تھا۔ برہان کی بارات ابھی نہیں پہنچی تھی اور ماریا تیار ہو رہی تھی کہ اس دوران دوسرا دولہا بارات لے کر وہاں پہنچ گیا۔
ماریا کے گھر والوں نے اس غلط بارات کا استقبال کرکے اسے بٹھا دیا اور خاطر تواضع شروع کر دی گئی۔ کئی لوگوں نے تو دولہا کو تحائف بھی دے ڈالے تاہم جب ماریا تیار ہو کر اپنے دولہا کے پاس پہنچی تو دولہا کو دیکھ کر دنگ رہ گئی، کہ وہ تو اس شخص کو جانتی ہی نہ تھی۔اسی دوران ماریا کا اصل دولہا برہان صدیقی بھی بارات لے کر پہنچ گیا۔ غلطی کا احساس ہونے پر پہلا دولہا اپنی بارات کو لیے اپنی اصل دلہن کے گاﺅں کی تلاش میں وہاں سے روانہ ہو گیا۔