سبز مرچیں مشرقی کھانوں کی شان ہیں اور صدیوں سے ہمارے پکوانوں میں ان کا استعمال جاری ہے۔آپ بھی یقینا ان کے چٹ پٹے ذائقے کو پسند کرتے ہوں گے لیکن ان کے ڈھیر سارے طبی فوائد بھی ہیں۔ سبز مرچ کے فوائد کی فہرست یوں تو بہت طویل ہے لیکن ان میں سے کچھ اہم ترین فوائد خصوصاً قابل ذکر ہیں۔
سبز مرچ کا استعمال ناک کی جانب دوران خون میں اضافہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں نزلہ و زکام کی کیفیت میں کافی افاقہ محسوس ہوتا ہے۔
ہری مرچ درد کی کیفیت میں بھی مفید ثابت ہوتی ہے کیونکہ اس کے استعمال سے جسم میں حرارت پیدا ہوتی ہے جو درد کے احساس کو کم کرتی ہے۔
یہ وٹامن سی کا بھی خزانہ ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی کو محفوظ رکھنے کیلئے اسی ٹھنڈی جگہ پر رکھنا چاہیے۔ دھوپ اور حرارت سے وٹامن سی ضائع ہوجاتا ہے۔
ہری مرچ کھانے سے جسم میں اینڈورفن مادے کا اخراج ہوتا ہے جو کہ ذہنی پریشانی اور دباﺅ کے مسائل سے نجات دلاتا ہے اور چڑچڑے پن کا بھی خاتمہ کرتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کیلئے بھی ہری مرچ بہت مفید بتائی جاتی ہے کیونکہ یہ خون میں شوگر کے لیول کو متوازن کرتی ہے۔
اگر آپ آئرن کی کمی سے بچنا چاہتے ہیں تو ہری مرچ کو اپنی خوراک کا حصہ بنالیں۔ یہ آئرن کا قدرتی ذریعہ ہے اور بصارت کیلئے بھی مفید سمجھی جاتی ہیں۔
ہری مرچ میں بیکٹیریا کا خاتمہ کرنے والے مادے بھی بکثرت پائے جاتے ہیں لہٰذا جلد کے انفیکشن میں اس کا استعمال مفید ہے۔
اگر جسم پر خراش یا زخم لگنے کی صورت میں خون بہت زیادہ خارج ہوتا ہے تو ہری مرچوں کو کھانے کا حصہ بنانا چاہئیے کیونکہ ان میں موجود ’وٹامن کے‘ اس مسئلے سے نجات دلاتا ہے۔
ہری مرچ میں ایک مخصوص اینٹی آکسیڈنٹ مادے بیٹا کیروٹین کی بھی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ یہ مادہ دل اور دوران خون کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔
اور اسی طرح ہری مرچ میں پایا جانے والا ’وٹامن اے‘ بھی ہمارے جسم کے لئے کئی طرح کے فوائد رکھتا ہے۔ یہ خصوصاً ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط کرتا ہے۔