یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ابہا ائیرپورٹ پردو ڈرون حملے کیے اور حوثی ترجمان کے مطابق ائیرپورٹ کے مانیٹرنگ ٹاور اوردیگر حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی وجہ سے فضائی آپریشن متاثر ہوا تاہم اتحادی افواج کا کہناہے کہ حملے کو ناکام بنادیاگیا۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر ابہا کے ائیرپورٹ پر دو ڈرون حملے کیے جس کی سعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے حوثی باغیوں کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کو باغیوں کے ڈرون حملوں کو فوری ناکام بناتے ہوئے ڈرون کو گرادیا گیا۔
المصیرہ ٹی وی کے ٹوئیٹس کے حوالے سے بتایا گیاکہ باغیوں کا کہناہے کہ انہوں نے جمعرات کے روز ابہا ائیرپورٹ کے مانیٹرنگ ٹاور اور سعودی عرب کے دیگر حساس مقامات کو نشانہ بنایا جس کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا۔اس سے قبل رواں ہفتے بھی حوثی باغیوں کی جانب سے ابہا اور نجران شہر کے سویلین ائیرپورٹس سمیت کنگ خالد ائیربیس کو بھی ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کے حملے کے جواب میں سعودی اتحاد نے گروپ سے وابستہ ٹھکانوں بالخصوص یمنی دارلحکومت صنعا کے نواح میں عسکری مقامات کو نشانہ بنایا۔