سعودی محکمہ زکوة و آمدنی نے پرانی گاڑیوں کی خرید وفروخت پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کے حوالے سے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم میں غیر رجسٹرڈ افراد سے گاڑیوں کی خرید پر واٹ نہیں لیا جاتا۔محکمہ نے یہ وضاحت ایک صارف کے اس استفسار کے جواب میں دی جس میں اس نے دریافت کیا تھا کہ کیا سعودی عرب میں پرانی گاڑیوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس مقرر ہے؟
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ زکوة و آمدنی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ اگر پرانی گاڑی کسی شوروم یا ویلیو ایڈڈ ٹیکس سسٹم میں رجسٹرڈ شخص کی طرف سے فروخت کی گئی ہو تو ایسی صورت میں اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جائے گا۔محکمہ زکوة و آمدنی نے توجہ دلائی کہ اگر گاڑی کسی ایسے شخص نے فروخت کی جو نہ تو ویلیو ایڈڈ ٹیکس سسٹم میں رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی وہ گاڑیوں کا کاروبار کرتا ہے تو ایسی صورت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں واٹ کی مد میں گزشتہ برس تک 5 فیصد وصول کیا جاتا تھا جس میں اضافے کے بعد یہ تناسب 15 فیصد کردیا گیا ہے، واٹ ہر خریداری پر ادا کیا جاتا ہے جبکہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے اور کمپنیاں بھی اس کی پابند ہیں۔
ادارہ ٹیکسیشن کی جانب سے ہر کمپنی یا تجارتی فرم و خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو جو واٹ سسٹم میں رجسٹرڈ ہوتے ہیں انہیں خصوصی کمپیوٹرائز واٹ نمبر الاٹ کیا جاتا ہے۔ادارہ کی جانب سے صارفین کو متنبہ بھی کیا گیا ہے کہ اگر کوئی دکان داریا ادارہ واٹ نمبر کے بغیر ٹیکس وصول کرے اس کے بارے میں ادارے کو شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔