سویڈن میں‌شوکت خانم ہسپتال کے مریضوں‌کے لیے عطیات


رپورٹ : عارف محمود کسانہ،
اسٹاک ہوم، سویڈن
شوکت خانم کینسر ہاسپیٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کراچی کے لئے عطیات اکھٹے کرنے کے سلسلہ میں اسٹاک ہوم میں ایک بڑا پروگرام منعقد ہوا۔ فرینڈز آف شوکت خانم سویڈن کے تحت ہونے والے اس پروگرام میں پاکستانی فلم اور ٹی وی کے صف اول اداکاروں مایہ علی اور شہریار منور نے خصوصی شرکت کی۔ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے اس فنڈ ریزنگ کے پروگرام میں شریک ہوئے۔پروگرام کا آغاز حافظ قدیر علی کی تلاوت قرآن حکیم اور افضل فاروقی کی نعت رسول مقبول سے ہوا۔ عمران کھوکھر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ فرینڈز آف شوکت خانم اسکینڈے نیویا کے چئرمین طارق شہباز، سویڈن میں پاکستان کے سفیر احمد حسین دایو نے اس موقع پر عوام سے دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی۔ عارف کسانہ نے قرآنی حکیم کی آیات روشنی میں راہ خدا میں مال خرچ کرنے کی اہمیت پر تفصیل سے خطاب کیا۔

شوکت خانم کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم علی اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر نائیلہ خان نے شوکت خانم کی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔اس موقع پر عمران خان کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی پروگرام میں پیش کیا گیا۔ مایہ علی نے کہا کہ سرطان کے مریضوں کے علاج کے لئے شوکت خانم کینسر ہاسپیٹل پاکستان کا بہترین ادارہ ہے اور ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم جیسے اداروں کو عطیات دے کر ہم پاکستان کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکتے ہیں۔شہریار منور کا کہنا تھا کہ شوکت خانم جہاں پاکستان میں مریضوں کو صحت کی سہولتیں بہم پہنچا ریا ہے وہاں بیرون ملک پاکستان کا تشخص بھی بہتر بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لاہور اور

پشاور کے بعد کراچی کے ہسپتال کی تعمیر کے لئے بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔ دونوں اداکاروں کی اپیل پر ہال میں موجود سب لوگوں نے بڑھ چڑھ کر عطیات دئیے۔ عمران خان کے دستخط کردہ بلا اور کرکٹ بال نیلامی کی گئی جس سے خطیر رقم حاصل ہوئی۔سوکت ضانم کینسر ہسپتال کراچی کی تعمیر کے لئے امدادی رقوم اکٹھی کرنے کی غرض سے پیرس اور اوسلو میں بھی پروگرام منعقد ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں