سٹاک ہوم( عارف کسانہ) ساڑھے آٹھ ملین بیرون ممالک میںمقیم پاکستانی ملک کا عزیز ترین سرمایہ میں اور اُن کی حب الوطنی ہر شک و شبہ سے بالاتر ہے۔ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونیٹی بہت پر امن اور سویڈش معاشرہ میں نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔ آئندہ آنے والے سویڈن کے انتخابات مین انہیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار سویڈن میں پاکستان کے قائمقام سفیر جناب نجیب درانی نے پاکستانی ایسوسی ایشن بوتشرکا کے زیر اہتمام فتیا میں ہونے والی عید ملن اور جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سویڈش پاکستانی کمیونیٹی کے ملکی قوانین پر عمل پیرا ہیں اور سویڈن میں صرف ایک پاکستانی جیل میں ہے ۔ سویڈن میں مقیم پاکستانی زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ پاکستان کی محبت کے جذبہ سے سرشار ہیں۔ عید ملن پارٹی اور جشن آزادی کی تقریب کا آغاز ننھے یاسین کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا ۔ ایسوسی ایشن کے صدر راجہ حیدرشکوہ نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور جشن آزادی کی مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر میں ہونے والے عام انتخابات میں سب کو ووٹ کا حق ضرور استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا وہ دوبارہ لوکل کونسل کے لیے لیف پارٹی کے امیدوار ہیں اورانہیں امید ہے کہ وہ پاکستانی عوام کی حمایت سے اس بار بھی وہ کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ بوتشرکا میونسپیلیٹی میں لیفٹ پارٹی کے صدر ماٹس اینارسن نے کہا کہ یہ انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں اور اگر ہم نے نسل پرست جماعت کاراستہ روکنا ہے تو ووٹ ضرور ڈالنا ہوگا۔ کونسلر برکت حسین نے عید ملن اور جشن آزادی کے ساتھ سویڈن کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اظہار کیا کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے تارکین وطن انتخابات میں اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کرتے جس کا فائدہ نسل پرست جماعت کو ہوتا ہے اس لیے اپنے ووٹ کی امانت کو ضرور اہل لوگوں تک پہنچائیں۔ سویڈش پارلیمنٹ کی امیدوار نوشین بھی تقریب میں موجود تھیں۔ بعد ازاں ایسوسی ایشن کی جانب سے عید ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔