اسٹاک ہوم ( نمائدہ خصوصی ) سویڈن میں پاکستانی سفارت خانہ نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عید میلاد النبی ؐ کی پروقار تقریب منعقد کی۔نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعات کے حوالے سے ہونے والی نشست سفیر پاکستان جناب احمد حسین دایو کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ سفارت خانہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن عرفان احمد نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ؐکی ولادت کے موقع پر تقریب منعقد کرنا ہمارے لئے باعث سعادت ہے۔ تقریب کا آغا حافظ ابوبکر بٹ کی تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ محمد آصف، کاشف عزیز بھٹہ ، محمد افضل فاروقی ، جمیل احسن اور رجب علی نے بارگاہ رسالت میں نعت کی صورت میں نذرانہ وقیدت پیش کیا۔
علامہ ذاکر حسین مقام رسالت اور حضور کی عظمت بیان کرتے ہوئے اخلاق حسنہ کے حوالے سے تفصیلی خطاب کیا ۔ انہوں نے سیرت رسول سے کچھ واقعات بھی پیش کئے اور اس ضرورت پر زور دیا کہ ہمیں رسول اکرم ؐسے محبت کا ثبوت آپ کی پیروی کرکے دینا ہو گا۔ انہوں نے پاکستان کے سفارت خانہ کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کی تقریب منعقد کرنے کو بہت سراہا۔
عارف کسانہ نے بھی رسول اکرم کے اعلیٰ اخلاق کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ محبت کا تقاضا ہے کہ ہم بھی اپنے اخلاق و کردار کو اسوہ حسنہ کے مطابق بنائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان جناب احمد حسین دایو نے کہا کہ ہمارے لئے اس سے بڑی اور کیا سعادت ہو سکتی کہ ہم آج عید میلاد النبی کی تقریب میں یہاں جمع ہیں اور ہم یہ سلسلہ آئیندہ بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا یہ تسلیم کیا ہے کہ رسول اکرم ﷺنے ایک انقلاب برپا کیا۔ ہمارے لئے نبی اکرم کی زندگی کے ہر شعبہ میں بہترین لائحہ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضور کی ہجرت بھی ہمارے لئے ایک انقلاب کا پیغام لئے ہوئے ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ اپنے وطن کا جذبہ بھی سے محبت بھی ہمیں سیرت رسول اکرم سے ملتا ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ یہاں پاکستان اور اسلام کا نام روشن کریں اور اپنے میزبان ملک کے باشندوں کے ساتھ محبت اور عزت کا وہی جذبہ رکھیں جو رسول پاک اور ان کے صحابہ نے مدینہ کے انصار کے ساتھ کیا تھا۔ عید میلاد النبیؐ کی تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔