سٹاک ہوم(رپورٹ : عارف کسانہ) سویڈن میں یوم پاکستان روائیتی انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلہ میں سٹاک ہوم میں پاکستانی سفارت خانہ میں ہونے والی تقریب منعقد ہوئی جس کی نظامت کے فرائض سفارت خانہ کے خالد محمود نے انجام دیئے ۔ تقریب کا آغاز منیب چوہدری کی تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔سویڈن میں پاکستان کے قائمقام سفیر نجیب درانی نے پرچم کشائی کی ۔ اس موقع پر پوم پاکستان کی مناسبت سے صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں تحریک پاکستان کے پس منظر پر روشنی ڈالی گئی تھی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قوم اسی جذبہ پر عمل کرتے ہوئے ملک کو درپیش تمام بحرانوں سے باہر نکال کر دم لے گی۔ قائمقام سفیر نجیب درانی نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ایک خوشحال پاکستان کے لیے مصروف عمل ہے۔ یوم پاکستان کی اس تقریب میں جن اہم پاکستانیوں نے شرکت کی اُن میں زمان خان، ظفر چوہدری، شیخ اعجاز، ڈاکٹر شہزاد، خواجہ مقصود اور دیگرشامل تھے۔ بعد ازاں شرکاء کی تواضع کے لیے چائے اور دیگر لوازمات پیش کی گئیں۔