شدید بارشوں کے باعث ریاست بہار میں سیلابی صورتحال نے دولہا کو کشتیوں میں بارات لےجانے پر مجبور کردیا، کشتیوں میں بارات اور دلہن کی رخصتی کی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں مون سون بارشوں کے باعث دریا بھپرے تو کئی گاؤں زیر آب آگئے لیکن دولہا کو اپنی دلہن کی رخصتی سے نہ روک سکے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن رخصت ہونے کے بعد اپنی سسرال بھی انہی کشتیوں میں سوار ہوکر جارہی ہے جس میں بارات آئی تھی۔
ضلع سمستی پور کے گاؤں گوبرسیتہا ان دنوں سیلاب کے باعث زیر آب آیا ہوا ہے لیکن دلہا نے اپنی شادی کےلیے تین کشیتاں بک کیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ بارات لیکر دلہن کے گھر پہنچ گیا۔