سرکس کے سدھائے ہوئے شیر اور چیتے وغیرہ اپنے ہینڈلر کے اشاروں پر ناچتے ہیں تاہم گزشتہ دنوں چین میں ایک سرکس شو کے دوران سدھایا ہوا ایک چیتا بپھر گیا اور اپنے ہینڈلر کی ایسی حالت کر دی کہ ہر دیکھنے والا خوفزدہ رہ جائے۔ ڈیلی میل کے مطابق ہینڈلر ایک پنجرے میں چیتے کے ساتھ موجود ہوتا ہے اور اس سے کرتب کروا رہا ہوتا ہے۔ پنجرے کے باہر سینکڑوں تماشائی بیٹھے یہ کرتب دیکھ رہے ہوتے ہیں۔
اس دوران اچانک چیتا بپھر جاتا ہے اور اپنے ہینڈلر پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔ یہ منظر دیکھ کر سرکس کے عملے کے کچھ لوگ دوڑ کر پنجرے میں داخل ہوتے ہیں اور ہینڈلر کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب تک ہینڈلر کو چھڑوایا جاتا ہے وہ شدید زخمی ہو چکا ہوتا ہے۔ منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس زخمی کو ایک کمبل میں لپیٹ کر سٹریچر پر اٹھا کر ایمبولینس میں ڈالا اور ہسپتال پہنچایا جاتا ہے۔ یہ واقعہ وین ژی کاﺅنٹی کے قصبے ہیڈی میں ایک سرکس شو کے دوران پیش آیا۔واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خوفزدہ تماشائی چلا رہے ہوتے ہیں۔ ایک آدمی پکارتا ہے کہ ”جلدی کرو، آدمی کو بچاﺅ۔ اسے مارو، اسے مارو۔“