فارمولا ون گروپ کے سابق چیف ایگزیکٹو برنی ایکلیسٹن کی بیٹی تیمرا ایکلیسٹن کے عالیشان محل نما گھر میں گزشتہ سال چوری کی واردات ہوئی جس میں چور 2کروڑ 60لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 5ارب 63کروڑ93لاکھ روپے) مالیت کے ہیرے جواہرات، زیورات اور نقدی لے اڑے تھے۔ اب اس چوری کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
میل آن لائن کے مطابق اس چوری کی واردات کا مقدمہ آئل ورتھ کراﺅن کورٹ میں زیرسماعت ہے۔ گزشتہ سماعت میں عدالت کو اس مقدمے کے متعلق بتایا گیا کہ تیمرا ایکلیسٹن کے گھریلو ملازمین ہی اس واردات میں ملوث تھے جنہوں نے چوروں کے لیے راستہ صاف کیا۔
عدالت میں بتایا گیا کہ 47سالہ جسم فروش عورت ماریا میسٹر، اس کا شراب خانے پر کام کرنے والا 30سالہ بیٹا ایمائل بوگڈن سیواسترو، 53سالہ سکیورٹی ورکرز سورین مرکویشی اور 49سالہ الیگزینڈر سٹین اس واردات میں ملوث تھے۔ انہوں نے چوروں کو نہ صرف گھر میں گھسنے میں مدد دی بلکہ انہوں نے چوروں کے لیے والٹ کا دروازہ بھی کھلا چھوڑ دیا تھا۔ یہ چور اس واردات کے لیے اٹلی سے سفر کرکے برطانیہ پہنچے تھے۔ ان چوروں نے 1سے 13دسمبر کے دوران تیمرا ایکلیسٹن کے علاوہ دو دیگر گھروں میں بھی وارداتیں کیں۔ اس واردات میں تیمرا کے گھر سے 6ہزار پاﺅنڈ مالیت کا ایک ہیروں کا ہار بھی چوری ہوا تھا جو بعد ازاں ماریا میسٹر نامی جسم فروش خاتون پہنے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی تھی۔ اس نے یہ قیمتی نیکلس پہن کر تصاویر بنائیں اور فیس بک پر پوسٹ کر دیں، جہاں سے پولیس نے اس نیکلس کو پہچان لیا اور ماریا کو گرفتار کرلیا گیا۔