عقیل قادر ۔اوسلو۔ناروے…..
بنی اسرائیل میں ایک کافر و ظالم بادشاہ لوگوں کو خنزیر کا گوشت کھانے پر مجبور کرتا تھا، جو انکار کرتا اسے سخت سزائیں دے کر ہلاک کروا دیتا۔ پھر اس زمانے کے سب سے بڑے عابد ایک اسرائیلی نوجوان کو بادشاہ کے پاس لایا گیا، لوگ اس عابد کے مرتبے اور فضیلت سے آگاہ تھے وہ نہیں چاہتے تھے کہ اس عبادت گزار بزرگ کو بادشاہ کی طرف سے کوئی تکلیف پہنچے۔ چنانچہ، ایک سپاہی نے عابد سے کہا آپ مجھے ایک بکری کا بچہ ذبح کر کے دے دیں۔ جب بادشاہ کہے گا کہ اس عابد کے سامنے خنزیر کا گوشت رکھو تو میں وہی ب…کری کا گوشت آپ کے سامنے لے آؤں گا۔ بادشاہ یہ سمجھے گا کہ آپ نے اس کی خواہش کے مطابق خنزیر کا گوشت کھا لیا۔ اس طرح آپ ہلاکت سے محفوظ رہیں گے۔ عابد نے بکری کا بچہ ذبح کر کے اس کا گوشت سپاہی کو دے دیا۔ جب اسے بادشاہ کے سامنے لایا گیا تو بادشاہ نے حکم دیا کہ خنزیر کا گوشت لایا جائے۔ منصوبے کے مطابق تو وہ سپاہی بکری کا گوشت لے کر آ گیا۔ بادشاہ نے کہا میرے سامنے خنزیر کا گوشت کھاؤ۔ عابد نے کہا میں ہرگز ہرگز نہ کھاؤں گا۔ یہ سن کر سپاہی نے اشارے سے بتایا کہ یہ وہی گوشت ہے جو آپ نے دیا تھا۔ آپ بلا ججھک کھا لیں۔ لیکن عابد نے بادشاہ کے سامنے وہ گوشت کھانے سے انکار کر دیا۔ ظالم بادشاہ نے سپاہیوں کو حکم دیا کہ اسے قتل کر دو۔
جب اسے قتل کے لئے لے جانے لگے تو وہی سپاہی قریب آیا اور کہا آپ نے گوشت کیوں نہ کھایا ؟ با خدا یہ وہی گوشت تھا جو آپ نے دیا تھا۔ عابد نے کہا ایسی کوئی بات نہیں بلکہ میں اس بات سے ڈر گیا تھا کہ لوگ میری وجہ سے فتنہ میں مبتلا ہو جائیں گے۔ کیونکہ جب بھی کسی کو خنزیر کا گوشت کھانے کے پر مجبور کیا جائے گا کہے گا فلاں عابد نے بھی تو مجبور ہو کر حرام گوشت کھا لیا تھا لہزا ہم بھی کھا لیتے ہیں۔ اس طرح لوگ میری وجہ سے بہت بڑے فتنے میں مبتلا ہو جائیں گے اور میں لوگوں کے لئے فتنہ ہرگز نہ بننا چاہتا تھا۔ یہ کہہ کر وہ عابد خاموش ہو گیا اور اس کا سر تن سے جدا کر دیا گیا۔
)عیون الحکایات(
حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے کی آمد سے پہلے کے لوگ ایمان کی وجہ سے بڑی بڑی آزمائشوں اور تکلیفوں سے گزرے ہیں۔ کسی نے سر کٹایا، کسی کو آرے سے چیرا گیا، کسی کے جسم کی کھال اتری گئی کسی کو آگ میں جلایا گیا لیکن یہ ہم پر آقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت کا فیض ہے کہ ہمیں اللہ تعالٰی نے ایسی بڑی بڑی آزمائشوں سے محفوظ رکھا۔اللہ پاک سے دُعا ہے کہ وہ اپنے پیارے محبوب کے صدقے میںہم کو اپنی بارگاہ میں جھکنے اور سیرت مصطفی صل اللہ و علیہ وسلم پرعمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔امین