چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی یوم ماحولیات 2021کی کامیاب میزبانی کرنے پر پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتےہوئےکہاہےکہ پاکستان میں صاف و سرسبز تحریک قابل تعریف ہے، تہذیبوں کی خوشحالی کے لئے قدرتی ماحول کے ساتھ پائیدار تعلق استوار کرنے کی ضرورت ہے،عالمی برادری کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا،انسانیت اور قدرتی ماحول کے لئے اقوام متحدہ کے فریم ورک کے تحت کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ہفتہ کو عالمی یوم ماحولیات کی تقریب میں پاکستان میں چین کےسفیر نےصدرشی جن پنگ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔وزیراعظم عمران خان، وزرا، ارکان پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارتکار، ماہرین ماحولیات اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چینی صدر نے عالمی یوم ماحولیات کے پاکستان کی میزبانی میں کامیاب انعقاد اور اقوام متحدہ کی دہائی برائے بحالی ایکو سسٹم 2021 تا 2030 کے آغاز کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تہذیبوں کی خوشحالی کے لئے قدرتی ماحول کے ساتھ پائیدار تعلق استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے عالمی برادری کو زمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے چین کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ و فروغ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں صاف و سرسبز تحریک کی تعریف کی ماحولیات کے شعبہ کی ترقی کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ چینی صدر نے کہا کہ انسانیت اور قدرتی ماحول کے لئے اقوام متحدہ کے فریم ورک کے تحت کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔