ڈاکٹر آر اے امتیاز
اللہ تعالیٰ نے ہمارا جسمانی نظام اس طرح بنایا ہے کہ کام کرنے سے ہمارے جسم کو جو کمزوری ہوتی ہے اس کو پورا کرنے کے لیے ہمارا معدہ غذاء طلب کرتا ہے اور اس سے جسم کو توانائی فراہم ہوتی ہے ۔رات کو چھ سات گھنٹے کی نیند میں قدرت جسم کے کل پرزوں کی مرمت کرتی رہتی ہے۔جنہیں دن بھر کے کام کاج نے گھس دیا تھا۔اس طرح اگلے دن کے لیے جسم پھر سے کام کاج کے لیے تیار ہو جاتا ہے ۔یہ ایک قدرتی طریقہ ہے لیکن ہماری تہذیب او ر تن آسانیوں نے یہ سکھا دیا ہے کہ ہم محنت تو بالکل نہ کریں اور معدے کو چٹنیوں چورنوں اور اچار سے زبردستی بھوک پیدا کر اکے دیر ہضم خوراک سے بھرتے رہیں۔یہ خوراک معدے میں گل سڑ کر خون میں بد بودار گیس پیدا کرتی ہے۔اور ایک زہریلا مادہ یورک ایسڈ ہمارے عضلات اور جوڑوں میں جمع ہوتا رہتا ہے۔کچھ عرصہ بعد جسم تھکا تھکا رہتا ہے اور جوڑ درد کرنے لگتے ہیں اس طرح ہم اس درد کا نام گنٹھیا رکھ دیتے ہیں۔اور بستر پر پڑے پڑے دن رات اللہ تعالیٰ سے شکائیت کرتے رہتے ہیں کہ اس نے ہمیں کس عذاب میں مبتلاء کر دیا ہے۔