فرنیچر شوروم کے مالک نے سامان بیچا، لیکن گاہک نے ایسی چالاکی دکھائی کہ موبائل کے ذریعے اُلٹا 70 ہزار روپے لوٹ کر لے گیا

فرنیچر شوروم کے مالک نے سامان بیچا، لیکن گاہک نے ایسی چالاکی دکھائی کہ موبائل کے ذریعے اُلٹا 70 ہزار روپے لوٹ کر لے گیا

محاورہ’لینے کے دینے پڑ جانا‘تو آپ نے سن رکھا ہو گا، اب اس کا عملاً استعمال بھی سن لیجیے۔ ممبئی میں ایک فرنیچر شوروم کے مالک نے گاہک کو سامان بیچا لیکن گاہک رقم ادا کرنے کے الٹا مالک ہی کے 70ہزار روپے لے اڑا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے میلد میں واقع اس شوروم کے مالک پوپٹ پروہت کو ایک فون کال موصول ہوئی۔ دوسری طرف ایک گاہک تھا جس نے ایک بیڈ اور ایک الماری خریدنے کی خواہش ظاہر کی اور پروہت کو واٹس ایپ پر تصاویر بھیجنے کو کہا۔

پروہت نے خوشی خوشی تصاویر بھیج دیں۔ گاہک نے چیزیں پسند کر لیں اور کہا کہ وہ آن لائن ادائیگی کرے گا۔ اس مقصد کے لیے پروہت نے اپنے فون میں ایک ایپلی کیشن انسٹال کر رکھی تھی جو اس کے بینک اکاﺅنٹ سے منسلک تھی۔ گاہک نے اسے ایک لنک بھیجا اور کہا کہ وہ رقم کی ادائیگی کا لنک ہے۔ اب پروہت کو معلوم نہیں تھا کہ جسے وہ گاہک سمجھ رہا ہے وہ کوئی ہیکر ہے۔ اس ہیکر نے پروہت کو 7بار ایک لنک بھیجا اور اسے کلک کرنے کو کہا۔ ہر بار پروہت نے لنک پر کلک کیا تو ہر بار اس ایپلی کیشن کے ذریعے کے بینک اس کے اکاﺅنٹ سے 10ہزار روپے اس ہیکر کے اکاﺅنٹ میں منتقل ہو گئے۔ یوں پروہت کا سامان تو کیا فروخت ہونا تھا، الٹے 70ہزار روپے ہاتھ سے نکل گئے۔ پروہت نے ہیکر کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے اور بتایا ہے کہ اس شخص کا فون نمبر تاحال چل رہا ہے اور غالب امکان ہے کہ وہ دیگر کاروباری افراد کو بھی نشانہ بنا رہا ہو گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں