چینی زبان سیکھنا پاکستانیوں کے لیے ایک مشکل کام ہے تو چینیوں کے لیے اردو سیکھنا بھی اتنا ہی مشکل ہو گا لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ ایک چینی لڑکی نہ صرف فر فر اردو بولتی ہے بلکہ پاکستان میں ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر رہی ہے۔ اس لڑکی کا نام گاﺅلی (Gau Li)ہے اور اس نے اپنا اردو نام ’زہرا‘ بھی رکھا ہوا ہے اور اس کے دوست اسے زہرا کے نام سے ہی پکارتے ہیں۔ وہ پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’آپ نیوز‘ پر سیاحتی پروگرام کی میزبانی کرتی ہے اور لوگوں کو پاکستان کے خوبصورت علاقوں کی سیر کراتی ہے۔
37سالہ گاﺅلی انتھروپالوجی سکالر ہے۔ اس کے پروگرام کا نام ’اگلا سٹیشن‘ ہے۔ 2013ءمیں اپنے ماسٹرز ڈگری کے تھیسز میں اس نے پنجابی خواتین کے فوک گیتوں پر تحقیق کی تھی۔وہ تاریخ میں پہلی چینی لڑکی تھی جس نے پاکستان کے فوک کلچر پر تھیسز لکھا۔ اپنی پی ایچ ڈی کی ڈگری کے لیے فیلڈ ورک مکمل کرنے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ ایک پروڈیوسر کو ’ٹریول شو‘ کے لیے ایک میزبان کی ضرورت ہے۔ گلف نیوز سے بات کرتے ہوئے گاﺅلی نے بتایا کہ ”میں اس وقت چین جانے کے لیے اپنا ایئرٹکٹ بک کروا چکی تھی تاہم یہ آئیڈیا میرے لیے بہت دلکش تھا۔ کیونکہ پاکستان میرے دل کا گھر ہے، میں جہاں بھی جاﺅں، میرا دل پاکستان میں ہی رہتا ہے اورمیں پورا پاکستان گھوم پھر کر دیکھنا چاہتی تھی۔ ٹریول شو کی میزبانی میرا یہ خواب پورا کر سکتی تھی لہٰذا میں اس کے لیے انٹرویو دینے چلی گئی اور مجھے یہ ملازمت مل گئی۔ اب میں دنیا کو حقیقی پاکستان دکھا رہی ہوں۔ “