قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان
National Council for Promotion of Urdu Language
Ministry of Human Resource Development
Government of India
امن اور تہذیب کے تحفظ میں اردو زبان و ادب کا سرگرم کردار: پروفیسر ارتضیٰ کریم
قومی اردو کونسل کی پانچویں عالمی اردو کانفرنس کا دوسرا دن
نئی دہلی: ’اردو زبان وثقافت اور موجودہ عالمی مسائل‘ کے عنوان سے منعقدہ قومی اردو کونسل کی پانچویں عالمی کانفرنس کے دوسرے دن قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے کہا کہ اردو زبان و ادب نے امن اور تہذیب کے تحفظ میں سرگرم رول ادا کیا ہے۔ اور یہ زبان گلوبلائزیشن کے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی قوت رکھتی ہے۔ ہر طرح کی شدت پسندی کے خلاف اس زبان میں مضبوط بیانیہ موجود ہے۔ اس زبان نے ہر طرح کی صنفی، طبقاتی، لسانی، مذہبی تفریق اور تقسیم کے خلاف احتجاج کی آواز بلند کی ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد اسکوپ آڈیٹوریم، لودھی روڈ نئی دہلی میں کیا گیا تھا۔
دوسرے دن کے پہلے سیشن میں ساجد حسین (دہلی)، کیول دھیر (لدھیانہ)، راشد انور اشد( علی گڑھ)، شاہد لطیف (ممبئی)، انور ظہیر (بڑودہ)، سید احمد قادری (گیا)، امام اعظم (کولکاتا)، مقصود انور (قطر)، ڈاکٹر عبداللہ (امریکہ) نے پرمغز مقالے پڑھے۔ اس سیشن کی صدارت پروفیسر صغیر افراہیم، عتیق انظر، محمود الاسلام، رحمت علی، مہتاب قدر، رضا حیدر اور احمد اشفاق نے کی جبکہ نظامت کے فرائض شعیب رضا خاں وارثی نے انجام دیے۔اس کے بعد دوسرے سیشن میں ناشر نقوی (پٹیالہ)، احمد اشفاق (قطر)، کندن لال کندن (دہلی)، سہیل انجم (دہلی)، غضنفر علی (دہلی)، پروفیسر سجاد حسین (چینئی)، قمرالہدیٰ فریدی (علی گڑھ)، مظفر حسین سید (دہلی) نے مقالے پڑھے۔ اس کی مجلس صدارت میں پروفیسر بیگ احساس ، اعجاز علی ارشد، پروفیسر صفدر امام قادری، ڈاکٹر نریندر اور جناب جاوید دانش جیسی معتبر شخصیات شامل تھیں۔ اس سیشن کی نظامت دہلی یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر مشتاق احمد قادری نے کی۔ دونو ں سیشن میں بہت ہی وقیع اور پرمغز مقالات پڑھے گئے۔ اس کے بعد ایک عالمی مشاعرے کا انعقاد ہوا۔
اس کانفرنس میں عمائدین شہر اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ اہم شخصیات میں پروفیسر عتیق اللہ، قاضی عبیدالرحمن ہاشمی، محمد خلیل سائنٹسٹ، فیروز بخت احمد، بدنام نظروغیرہ قابل ذکر ہیں۔
(رابطہ عامہ سیل)