لاہورسفاری پارک میں وائٹ شیرنی کے ہاں چاربچوں کی پیدائش ہوئی ہے جن میں دوبچے وائٹ جبکہ دوبراؤن ہیں جبکہ افریقن نسل کی ایک اورشیرنی نے بھی بچے کوجنم دیاہے، نئے مہمانوں کی آمدسے لاہورسفار ی زومین افریقن نسل کے شیروں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
لاہورسفاری زومیں پہلی بارایک سفیدشیرنی نے چاربچوں کو جنم دیا ہے جن میں سے دوبچے براؤن ہیں۔لاہورسفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹرچوہدری شفقت علی نے میڈیا کو بتایا کہ سفاری زومیں پہلی بارسفیدشیرنی اوربراؤن شیرکا جوڑابنایاگیاتھا جس کی وجہ سے پیداہونیوالے چار بچوں میں سے دوسفید اوردو براؤن ہیں۔جبکہ افریقن نسل کی ایک اورشیرنی نے ایک بچے کوجنم دیاہے ، پیداہونیوالے شیرکے پانچوں بچے صحت مندہیں۔چوہدری شفقت علی کاکہنا تھا سفیدشیروں کی باقاعدہ کوئی نسل نہیں ہے بلکہ یہ جینزمیں تبدیلی کی وجہ سے ایسا ہوتاہے، جینزمیں ردوبدل کے باعث بچے براؤن اور سفید رنگ کے پیداہوجاتے ہیں۔
اس حوالے سے ایک ویٹرنری ڈاکٹرنے بتایا کہ شیروں کی سفیدرنگت دراصل جینزمیں خرابی کے باعث ہوتی ہے جس طرح انسانوں میں کئی دفع پیداہونیوالے بچوں کی رنگت ماں باپ سے مختلف ہوتی ہے۔ چوہدری شفقت نے مزیدبتایا کہ یواے ای کی طرف سے تحفے میں ملنے والے چارشیروں کی بھی خصوصی نگہداشت کی جارہی ہے اوران کوکورنٹائن میں رکھاگیاہے۔لاہورسفاری زومیں اس وقت سب سے زیادہ شیروں کی تعداد 37 ہے ۔ لاہورسفاری پارک میں پیداہونیوالے شیرکے بچوں کو آئندہ چندروزتک کھلے پنجرے میں منتقل کردیاجائیگا جس کے بعد یہاں آنیوالے سیاح ان کودیکھ سکیں گے۔