لاہور کے علاقے مرغزار کالونی میں کالونی کے رہائشیوں نے چوک میں گھوڑے پر سوار ارطغرل غازی کا مجسمہ نصب کر دیا۔مرغزار کالونی کے جنرل سیکرٹری سہیل انور رانا کا کہنا ہے کہ ہمارے ذہن میں یہ بات آئی کہ اس چوک میں پڑی ہوئی خالی جگہ پر ہمارے گزرنے والے اسلامک ہیرو ارطغرل غازی کا مجسمہ نصب کیا جانا چاہئے۔ جنہوں نے سلطنت عثمانیہ کی بنیاد رکھی تھی، یہ مجسمہ ان کی یاد کے طور پر یہاں پر نصب کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہماری مرغزارکالونی کی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے یہ فیصلہ بھی زیر غور ہے کہ اس چوک کا نام ارطغرل غازی کے نام سے منسوب کر دیا جائے ، اس بات کا تاحال فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ مجسمہ نصب کرنے کے بعد لوگوں کی جانب سے ہمارے اس اقدام کو خوب سراہا جارہا ہے۔
چوک سے گزرنے والے اور مجسمے کو دیکھنے والے لوگوں کا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ارطغرل غازی کے مجسمہ کو یہاں نصب ہوا دیکھ کر ہمیں بہت خوشی ہو رہی ہے، ارطغرل غازی ایک بہت ہی نیک نامی اور اچھے انسان تھے، یہ مجسمہ ہمیں اپنے اسلامی قومی ہیرو کی یاد بھی دلاتا ہے اور ان کے بہادری کے قصے بہت مشہور ہیں۔مجسمہ کی بناوٹ کے لحاظ سے کالونی کی انتظامیہ کا بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ ارطغرل غازی کا یہ مجسمہ لوہے اور فائبر سے بنا ہوا ہے، جسے ہم نے تحصیل کمالیہ سے خصوصی آرڈر دے کر بنوایا ہے۔ انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی کالونی کے ہر چوک میں اس طرح کے اور مجسمے بھی نصب کرنے جارہے ہیں، جن کو بنوانے کے لیے ہم نے آرڈر دے رکھے ہیں اور جلد ہی آپ کو اس کالونی کے ہر چوک میں ارطغرل غازی کا ایک مجسمہ نظر آئے گا۔