مالدیپ نے سیاحت کو فروغ کی غرض سے غیرملکی سیاحوں کو ایک انتہائی شاندار پیشکش کر دی ہے۔ دی مرر کے مطابق مالدیپ کے وزیرسیاحت عبداللہ موسوم نے اعلان کیا ہے کہ جو غیرملکی سیاحت کے لیے مالدیپ آئے گا اسے مالدیپ پہنچتے ہی مفت کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ’تھری وی‘ حکمت عملی بنا رکھی ہے، جس کے تحت سیاحوں کو اپنے ہاں چھٹیاں منانے کے لیے آنے اور کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
عبداللہ موسوم کا کہنا تھا کہ ”ہم مالدیپ میں چھٹیاں منانے کے لیے آنے والوں کو کورونا ویکسین کی دونوں خوارکیں دیں گے، جس کا مطلب ہے کہ سیاحوں کو مالدیپ میں چند ہفتے کی چھٹیاں گزارنی ہوںگی۔ “
واضح رہے کہ اس وقت آپ کو مالدیپ میں داخل ہونے کے لیے سفر سے قبل 96گھنٹے کے اندر کورونا ٹیسٹ کرانا اور اس کا منفی نتیجہ دکھانا لازمی ہو گا۔ اس کے بغیر آپ مالدیپ میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ تاہم جن لوگوں نے ویکسین کی دونوں خوارکیں لگوا رکھی ہوں گی ان کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی نہیں ہو گا۔