برطانیہ میں پولیس ایک سال سے مطلوب ملزم کی تلاش میں سرگرداں ہے اور گزشتہ دنوں اس کی طرف سے فیس بک پر ایک پوسٹ کر دی گئی جس میں لوگوں سے اس ملزم کی گرفتاری میں مدد کی درخواست کی گئی تھی تاہم اس پوسٹ پر خود اس ملزم نے ایسا کمنٹ کر دیا کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔
ڈیلی سٹار کے مطابق اس 20سالہ جورڈن کیئر نامی ملزم کا تعلق لندن کے مضافاتی علاقے انفیلڈ سے ہے۔ بیڈفورڈ شائر پولیس کی طرف سے جورڈن کا وارنٹ نوٹس فیس بک پر پوسٹ کیا گیا اور لوگوں سے اس کی گرفتاری میں مدد کی درخواست کی گئی جس پر کمنٹ کرتے ہوئے خود ملزم نے لکھ دیا کہ ”مجھے پکڑ سکتے ہو تو پکڑ لو۔“
رپورٹ کے مطابق لوگوں کی پوسٹس وائرل ہوتی ہیں، یہاں جورڈن نامی اس ملزم کا یہ کمنٹ وائرل ہو رہا ہے، جسے اب تک 6ہزار سے زائد لوگ لائیک کر چکے ہیں اور 2ہزار سے زائد صارف اس کمنٹ پر جوابی کمنٹس کر چکے ہیں۔پولیس کی طرف سے اس پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ جورڈن کا قد 6فٹ ہے اور اس کے ایک ہاتھ پر لفظ ’Mum‘ ٹیٹو کی صورت میں لکھا ہوا ہے۔ یہ آدمی گزشتہ سال پیش آنے والے ایک واقعے میں مطلوب ہے، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔