معروف ڈرامے ” میرے پاس تم ہو “ نے بلندیوں کی نئی حدود کو چھو دیاہے جبکہ اگلے پچھلے تمام ہی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں ،یہ پہلا ڈرامہ بھی ثابت ہوا جس کی آخری قسط سینماگھروں میں دکھائی گئی تاہم دلچسپی کا امریہ ہے کہ آخری قسط کے تمام شوز ہی مکمل طور پر بُک تھے اور ایک سیٹ حاصل کرنا بھی شائقین کیلئے پہاڑ فتح کرنے سے کم نہ تھا ۔
تفصیلات کے مطابق 25 جنوری ہفتے کے روز ڈرامے کی آخری قسط نشر ہوئی اور اس دن اس ڈرامے نے ریکارڈ 2.5 کروڑ کا بزنس کیا جو کہ مقامی سطح پر کیے جانے والا دوسرا بڑا کاروبار تھا جبکہ اس سے قبل پاکستان کی صرف ایک فلم ” جوانی پھر نہیں آنی 2“ 2.9 کا بزنس کر چکی ہیں۔ اس کے بعد پہلے روز کے کاروبار میں علی ظفر کی معروف فلم ” طیفا ان ٹربل “ تیسرے نمبر پر ہے جس نے 2.31 کروڑ روپے کمائے جبکہ ” جوانی پھر نہیں آنی “ 2.07 کروڑ کے ساتھ چوتھے ، ” پنجاب نہیں جاﺅں گی اور نامعلوم افراد 2 “ 1.9 کروڑ کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں ۔
میرے پاس تم کی آخری قسط سینما گھروں میں دراصل دو روز تک دکھائی گئی یعنی ہفتے کے بعد اتوار کو بھی سکرینز پر ڈرامے کی آخری قسط نے ڈیرہ ڈالا ، اتوار کے روز ڈرامے کی آخری قسط نے 50 لاکھ روپے کا بزنس کیا جس کے بعد اس کا دو روز کا مجموعی کاروبار 3 کروڑ روپے کا رہا ۔
Recent Comments