موت کے بعد کی زندگی پر ہر مسلمان کا ایمان ہے لیکن کیا مر جانے والا شخص زندہ لوگوں کو اس دنیا میں اپنی موجودگی کا احساس دلا سکتا ہے؟اہل مغرب میں بعض لوگ اس پر یقین رکھتے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ مرنے والے موت کے بعد بھی ان کے درمیان رہتے ہیں۔ ایسے ہی سکاٹ لینڈ کی ایک خاتون نے اپنی کہانی بیان کی ہے جسے سن کر آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو جائے گا۔
49سالہ جینی ڈیوسن نامی یہ خاتون سکاٹ لینڈ کے شہر لارگس کی رہائشی اور 3بچوں کی ماں ہے جن کی عمریں بالترتیب 31،29اور16سال ہیں۔ جینی کا باپ جم 69سال کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث انتقال کر چکا ہے، اس کی موت جینی کے سب سے چھوٹے بیٹے کی پیدائش سے 3ماہ قبل ہوئی، تاہم جینی کا دعویٰ ہے کہ اس کا والد اب بھی ان کے ساتھ رہتا ہے اور انہیں اپنی موجودگی کا احساس بھی دلاتا رہتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جینی نے اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ ”موت کے بعد پہلی بار میرا والد اس وقت میری آنکھوں کے سامنے آیا جب میں اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کو جنم دے رہی تھی اور دردِ زہ کے باعث شدید تکلیف میں تھی۔ اچانک لیبر روم میں ایک روشنی بھر گئی اور میں باپ کی روح میری آنکھوں کے سامنے آ گئی جسے میں نے فوراً پہچان لیا۔ انہیں دیکھ کر میری زبان سے بے ساختہ نکلا کہ ”اوہ مائی گاڈ! میرا باپ یہاں ہے۔“ میرے منہ سے یہ فقرہ سن کر نرسوں نے تجسس سے کمرے کے دروازے کی طرف دیکھا، وہ سمجھیں کہ دروازے سے کمرے میں کوئی داخل ہوا ہے جس پر میں نے یہ فقرہ بولا۔“
جینی نے مزید بتایا کہ ”جب میں گھر واپس آئی تو میں نے ایک ماہر روحانیات کو یہ واقعہ سنایا، وہ ہمارے گھر آیا اور بتایا کہ میرا والد اب بھی ہمارے ساتھ اس گھر میں رہ رہا ہے۔ اس کے بعد آج تک میں نے کئی بار مشاہدہ کیا کہ واقعی میرا باپ میرے ساتھ رہ رہا تھا۔ ایک بار میں نے اپنے اسی نوعمر بیٹے کو کھانے کی میز پر بے بی سیٹ پر بٹھایا اور خود کچن میں چلی گئی۔ جب میں واپس آئی تو بچے کی سیٹ پیچھے کی طرف مڑی ہوئی تھی، جیسے کوئی اس کا چہرہ دیکھنا چاہتا تھا اور اسے اپنی طرف موڑا تھا، حالانکہ اس وقت وہاں میرے سوا کوئی اور موجود نہیں تھا۔ درحقیقت جب میرا والد بسترمرگ پر بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا تب میں نے اسے بتایا تھا کہ’میں ایک اور بیٹے کی ماں بننے والی ہوں۔ پلیز میرے بیٹے کا ہمیشہ خیال رکھنا۔‘ مجھے یقین ہے کہ میرے والد نے کسی طور میری وہ بات سن لی تھی اور تب سے وہ ہمارے ساتھ رہ رہا ہے اور میرے بیٹے کا خیال رکھ رہا ہے۔“
Recent Comments