پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان دورہ پاکستان کا معاملہ حل ہو گیا ہے لیکن اس کے باوجود وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے جس کی بی سی بی نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بی سی بی کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”مشفیق الرحیم نے مجھ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بتایا ہے کہ وہ پاکستان نہیں جائیں گے۔ اب ہم ان کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ کئے جانے کے منتظر ہیں، جب وہ ہمیں تحریری طور پر اپنا بیان دیدیں گے تو ہم انہیں سیریز سے باہر کر دیں گے۔“
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے جنوری سے اپریل تک تین مرحلوں میں پاکستان کا دورہ مکمل کرنا ہے جس دوران تین ٹی 20، دو ٹیسٹ میچز اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ مشفیق الرحیم کی سکواڈ میں عدم شمولیت سے بنگلہ دیشی ٹیم کو بھی خاصا نقصان ہو گا کیونکہ آل راﺅنڈر شکیب الحسن سزا کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔