ناروے۔ فیصل ہاشمی کے دوسرے شعری مجموعہ “ ماخذ“کی تقریب رونمائی

ron5ron6ron9ron7اوسلو(عقیل قادر) ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی معروف ادبی و ثقافتی تنظیم حلقہ اربابِ ذوق ناروے کے زیر اہتمام اوسلو لٹریچر ہاؤس میں فیصل ہاشمی کی کتاب “ ماخذ“ کی تقریب رونمائی ہوئی جس کی صدارت سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود نے کی۔ تقریب رونمائی میں عوام الناس کے علاوہ بڑی تعداد میں ادب و فن سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کر کے تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے فیصل ہاشمی کو ان کی اس اعلیٰ ادبی کاوش پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے مجموعے میں بہت خوبصورت کلام پیش کیا ہے اور انکی یہ کاوش ادبی حلقوں میں اپنا منفرد مقام پیدا کرنے میںیقینی طور پر کامیاب ہو گی ۔ انہوں نے فیصل ہاشمی سے انکی کتاب ماخذ سے مختلف نظمیں سنانے کی فرمائش بھی کی۔ اس موقع پر ناروے کی معروف سیاسی شخصیت اور اوسلو سٹی کونسل کے ایم پی اے خالد محمود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جامع انداز میں فیصل ہاشمی کی شاعری کا احاطہ کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔فیصل ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص انہوں نے حلقہ ارباب ذوق ناروے کے صدر آفتاب وڑائچ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کو منعقد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی کتاب ”ماخذ” سے کچھ منتخب کلام بھی سنایا اور تقریب میں شریک خواتین و حضرات سے تالیوں کی صورت میں خوب داد وصول کی۔تقریب رونمائی سے نارویجن ٹی وی سے وابستہ معروف پاکستانی صحافی عطاء انصاری، معروف پاکستانی گلوکارہ ارم حسن، آفتاب وڑائچ، صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف شاعر جمشید مسرور، فیصل نواز چوہدری اور سید حید ر حسین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ فیصل ہاشمی نے اپنے اس مجموعے میں آزاد نظموں میں ایک جدت اور انفرادیت قائم کی ہے جو ان کے کلام کو زندہ رکھے گی، مقررین کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیصل ہاشمی ناروے کا ایک بہت اچھا شاعر ہے جس کے کلام میں شگفتگی اور ذوق جمال نمایاں ہے اور جس کے اشعار آنکھوں کے راستے دل کی منزل تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ناروے میں مقیم معروف شاعراور حلقہ ارباب ذوق کے صدر آفتاب وڑائچ نے احسن انداز میں ادا کیے۔

ron10Ron1ron3Book

اپنا تبصرہ لکھیں