بھارتی اداکار عرفان خان اب اس دنیا میں نہیں رہے۔آج ان کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے باضابطہ بیان جاری کردیاہے۔ اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انتہائی غم کے ساتھ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مختصر بات کرنے والے ، خاموش مگرباکمال تاثرات ظاہر کرنے والے اورگہری آنکھوں کے ساتھ یادگارمناظر دینے والے عرفان خان اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ اہلخانہ کے بیان کے مطابق وہ ایک طاقتور روح تھی،انہوں نے آخری دم تک اس بیماری سے جراتمندی کے ساتھ جنگ لڑی۔2018سے اب تک اس بیماری کے ساتھ ان کی کئی جنگیں ہوئیں۔ لیکن اپنے چاہنے والوں اور اپنے گھر والوں ،جنہیں وہ بے حد چاہتے تھے ،کے درمیان آخر کار وہ جنت کیلئے سفر آخرت پر چلے گئے ہیں۔ ہم سب ان کیلئے دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کی روح پرسکون ہوگی کیونکہ انہوں نے (اس بیماری کا پتہ چلنےکے بعد)کہا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے زندگی کا مزہ چکھا ہی اب ہے یہ اس کا جادوئی رخ ہے۔ خیال رہے کہ معروف بھارتی اداکار عرفان خان53 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔بھارتی میڈیاکے مطابق عرفان خان 2018سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ انہیں گزشتہ روز بڑی آنت میں انفیکشن پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ 54 سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر سے متاثر ہونے کی وجہ سے علاج کروانے لندن گئے تھے۔ وہ گزشتہ برس علاج مکمل کروا کر ممبئی واپس لوٹے تھے۔