کئی مرد ایسی لڑکی سے شادی کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں جو پڑھ لکھی اور کمانے والی ہو۔ اب ایسے مردوں کے لیے سائنسدانوں نے ایک وارننگ جاری کر دی ہے۔ ویب سائٹ misskyra.com کے مطابق سائنسدانوں نے ایک تحقیقاتی سروے میں بتایا ہے کہ جن مردوں کی بیویاں ان سے زیادہ کماتی ہوں وہ زیادہ ذہنی تناﺅ اور ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔
سروے میں معلوم ہوا کہ اگر بیوی گھر کے اخراجات میں 40فیصد حصہ ڈال رہی ہو تو شوہر مطمئن رہتے ہیں لیکن اگر بیوی کا گھریلو اخراجات میں حصہ اس سے زیادہ ہو جائے تو شوہر ذہنی دباﺅ کا شکار ہونے لگے ہیں اور بیویوں کے خرچ کے حصے کے ساتھ ساتھ ان کے ذہنی تناﺅ میں بھی اضافہ ہوتاچلا جاتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر جواینا سائرڈا کا کہنا تھا کہ ”جب بیوی زیادہ کما رہی ہو اور شوہر سے زیادہ گھر کے خرچ میں حصہ ڈال رہی ہو تو مرد میں یہ احساس اجاگر ہوتا ہے کہ وہ بیوی پر انحصار کر رہے ہیں۔ یہی احساس ان میں ذہنی پریشانی اور ڈپریشن کا سبب بنتا ہے اور اگر یہ صورتحال زیادہ سنگین ہو جائے تو بسااوقات یہ ڈپریشن طلاق پر بھی منتج ہو سکتی ہے۔“