چیونٹیاں بڑے جانوروں اور پرندوں کے لیے کتنی خطرناک ہو سکتی ہیں؟ آپ کا جواب یقینا یہی ہو گا کہ یہ لگ بھگ بے ضرر ہیں لیکن آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ چیونٹیوں کی ایک قسم ایسی بھی پائی جاتی ہے جو بڑے بڑے سمندری پرندوں کو بھی ہلاک کر دیتی ہے۔ چیونٹیوں کی اس قسم کو ”ییلو کریزی آنٹس‘ (Yellow Crazy Ants)کہا جاتا ہے جو بحرالکاہل میں واقع ایک جزیرے ’ جانسٹن اٹول نیشنل وائلڈ لائف رفیوج‘ پر نمودار ہوئیں اور ایک دہائی سے زائد عرصے تک اس وائلڈ لائف رفیوج کی انتظامیہ کے لیے درد سر بنی رہیں۔
یہ جزیرہ ہونولولو سے 820میل کے فاصلے پر ہے جسے کئی اقسام کے جانوروں اور پرندوں کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تاہم یہاں نمودار ہونے والی ییلو کریزی نامی چیونٹیاں سمندری پرندوں کی نسل کے لیے خطرہ بن گئی تھیں۔ یہ چیونٹیاں حیران کن طور پر اپنے شکار پر فورمک تیزاب کا سپرے کرتی تھیں، جس سے پرندہ زخمی ہو جاتا، اور بعض کی تو موت بھی واقع ہو جاتی تھی۔ پرندوں کو مارنے کے بعد یہ اسے اپنی خوراک بنا لیتی تھیں۔ گزشتہ دنوں امریکی فش اینڈ وائلڈلائف سروس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس جزیرے سے اب ان چیونٹیوں کا خاتمہ ہو چکا ہے اور 2017ءکے بعد سے وہاں اس نسل کی کوئی چیونٹی نہیں دیکھی گئی۔