چینی ایپلی کیشنز اور موبائل فون برانڈز پر صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے کا الزام تو کافی عرصے سے لگ ہی رہا تھا، اب چینی سمارٹ فونز پر ایک اورایسا تشویشناک الزام بھی عائد کر دیا گیا ہے کہ سن کر ہی صارفین ان سے خوفزدہ ہو جائیں۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق موبائل سکیورٹی سروس پروائیڈر’ سکیورڈی‘(Secure-D)اور بزفیڈ (Buzfeed)کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیکنو کمپنی کے چینی سمارٹ فونز لوگوں کا صرف ڈیٹا ہی چوری نہیں کرتے بلکہ ان کی رقوم بھی چوری کر رہے ہیں۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ ان سمارٹ فونز میں XHelperاور Triadaنامی سافٹ ویئر شامل کیے جاتے ہیں جو خفیہ طور پر سمارٹ فونز میں ایپلی کیشنز ڈاﺅن لوڈ اور انسٹال کرتے اور صارفین کے علم میں لائے بغیر ’پیڈ سروسز‘ (Paid services)کو سبسکرائب کرتے ہیں جس سے صارفین کی رقم کٹتی رہتی ہے۔ سکیور ڈی نے اپنے سسٹم کے ذریعے ایسی 8لاکھ 44ہزار فراڈ ٹرانزیکشنز بلاک کی ہیں جو ان میلویئرز(Malwares)کے ذریعے ہونے جا رہی تھیں۔ماہرین نے اس صورتحال کے پیش نظر ٹیکنوکمپنی کے سمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کو متنبہ رہنے کی تاکید کی ہے۔