برطانوی شہر مانچسٹر سے جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ جانے والی جیٹ 2ایئرلائنز کی ایک پرواز میں بم کی موجودگی کی اطلاع نے پراگ ایئرپورٹ پر بھگدڑ مچا دی۔ میل آن لائن کے مطابق جیٹ 2کی پرواز ایل ایس 887کے ایک ٹوائلٹ میں عملے کو ایک خط ملا جس میں تحریر تھا کہ اس جہاز میں بم موجود ہے۔ جب عملے کو یہ خط ملا اس وقت پرواز پراگ سے آدھے گھنٹے کے فاصلے پر تھی۔ عملے نے ٹوائلٹ کو بند کر دیا اور مسافروں کو بم کے متعلق بتانے کی بجائے کہا کہ ٹوائلٹ خراب ہونے کے باعث لاک کر دیا گیا ہے۔ آپ دوسرا ٹوائلٹ استعمال کریں۔
جب پرواز پراگ میں لینڈ ہوئی تو پائلٹ نے مسافروں کو حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ ”جہاز میں مبینہ طور پر بم موجود ہے، آپ لوگ کوئی بھی سامان لیے بغیر طیارے سے فوراً اترجائیں۔“ رپورٹ کے مطابق پولیس پہلے سے طیارے کے انتظار میں کھڑی تھی جس نے تمام مسافروں کو ایک بس میں بٹھا کر ایئرپورٹ کے ایک حصے میں لیجا کر روک دیا جہاں 4گھنٹے تک ان سے اس خط کے متعلق پوچھ گچھ کی جاتی رہی۔ دوسری طرف سکیورٹی اہلکاروں نے مسافروں کے سامان سمیت پورے طیارے کی تلاشی لی تاہم یہ افواہ غلط نکلی۔ جیٹ 2کی طرف سے اس وقت پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم پراگ ایئرپورٹ کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔