خواتین کی ڈرائیونگ کے متعلق آپ نے لطیفے تو بہت سن رکھے ہوں گے لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسی پاکستانی خاتون ڈرائیور کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جس کے ساتھ ریس لگانے سے ماہر ترین مرد ڈرائیور بھی خوف کھائیں۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق یہ خاتون ڈرائیور سلمیٰ مروت ہیں جو ایک ریلی ڈرائیور ہیں اور آف روڈ ریلی چکوال فور بائی فور چیلنج کی فاتح ہیں۔ اس ریلی میں دوسرے نمبر پر عاصمہ رضا صدیقی اور تیسرے نمبر پر انیلا خان آئیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ چوتھا آف روڈ مقابلہ تھا جو سلمیٰ مروت نے جیتا۔ اب تک وہ 8مختلف ریسوں میں حصہ لے چکی ہیں اور پاکستان کی موٹرسپورٹس کی شناخت بن چکی ہیں۔ چکوال چیلنج ریلی جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ مروت کا کہنا تھا کہ ”ریسنگ مقابلے جیتناانتہائی خوشگوار احساس ہوتا ہے اور میری خواہش ہے کہ میں ایک اور ٹائٹل جیتوں۔ مجھے موٹر سپورٹس سے محبت ہے اور میں اس کھیل میں بہترین بننا چاہتی ہوں۔ یہ کھیل ہمیشہ سے میرا شوق رہا ہے اورمیں اپنے اس شوق کو پیشے میں بدلنا چاہتی تھی، میں خوش ہوں کہ میری یہ خواہش پوری ہو گئی۔“