پاکستانی ڈیزائنر کا بٹوہ دبئی میں گم ہوگیا تو بھارتی شہری نے نئی مثال قائم کردی

پاکستانی ڈیزائنر کا بٹوہ دبئی میں گم ہوگیا تو بھارتی شہری نے نئی مثال قائم کردی

کراچی سے تعلق رکھنے والے 45سالہ ڈیزائنر ارشد ایس ایم کا بٹوہ دبئی میں گم ہو گیا جو ایک بھارتی شہری کو ملا اور اس نے ایمانداری کی ایسی مثال قائم کر دی کہ ہر سننے والا اس کی تعریف پر مجبور ہو جائے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ہاشم وی کے نامی یہ 50سالہ بھارتی شخص کیرالا کا رہائشی ہے اور دبئی میں سکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتا ہے۔ اسے اپنے کام کی جگہ کے قریب ایک بٹوہ ملا۔ اس نے اس بٹوہ کھول کر مالک کا کوئی رابطہ نمبر تلاش کرنے کی کوشش کی تو اس میں سے ایک رسید برآمد ہوئی جس پر ایک فون نمبر لکھا ہوا تھا۔

ہاشم نے اس نمبر پر رابطہ کیا تو اس کی ارشد سے بات ہو گئی اور اس نے ارشد سے مل کر اسے اس کا بٹوہ جوں کا توں واپس لوٹا دیا۔ ہاشم کا کہنا تھا کہ ”میں جانتا تھا کہ یہ بٹوہ جس کسی کا بھی ہے وہ شدید ذہنی پریشانی کا شکار ہوں گا، یہی وجہ ہے کہ میں نے فوری طور پر اس شخص کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور خوش قسمتی سے بٹوے کے اندر سے ہی اس کا رابطہ نمبر مل گیا۔ “ اس موقع پر ارشد کا کہنا تھا کہ ”میں ہاشم کا بہت مشکور ہوں۔ ایسے ایماندار لوگوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اگر وہ یہ مہربانی نہ کرتا تو میں بٹوے میں موجود اپنے بینک کارڈز اور دیگر اہم چیزوں سے محروم ہو جاتا۔“

اپنا تبصرہ لکھیں