سٹاک ہوم (عارف کسانہ ؍نمائندہ خصوصی) پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائیٹی سویڈن ایک شاندار ثقافتی پروگرام سلام پاکستان کے نام سے منعقد کررہی ہے۔ اس رنگا رنگ پروگرام میں پاکستان کی ثقافت کی بھر پور عکاسی کی جائے گی جس میں موسیقی، ملی نغمے، علاقائی رقص اور دوسری کئی سرگرمیاں شامل ہیں۔ بچوں اور خواتین کے لئے خصوصی پروگرام تقریب کااہم حصہ ہیں۔ پاکستانی کھانے، کپڑے اور دوسری اشیاء کے سٹال بھی موجود ہوں گے۔ مشاعرہ بھی ثقافتی پروگرام میں شامل ہے ۔اس موقع پر جموں کشمیر کے محکوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا۔ تقریب میں سویڈن میں پاکستان کے سفیر طارق ضمیر، اپسالا یونیورسٹی کے شعبہ لسانیات اور فلاسفی کے پروفیسر ہینز ویرنر ویسلر، سویڈش پارلیمنٹ کے رکن سٹیفن نیلسن، گرین پارٹی کے کونسلر فریڈرک اولسن اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ سویڈن بھر میں اس ثقافتی پروگرام کے بارے میں بہت جوش و خروش پایا جارہا ہے اور لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ اس ثقافتی پروگرام میں داخلہ مفت ہوگا۔