ناروے۔
اوسلو(عقیل قادر) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ ناروے نے بندھن شادی ہال اوسلو میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں اٹلی سے تشریف لائے ہوئے سنیئر پی ٹی آئی رہنما محمد ندیم یوسف جو کہ عمران خان کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے ہیں نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں قائدین نے پی ٹی آئی ناروے میں ہونے والی دھاندلی کو بے نقاب کیا اور انٹرا پارٹی الیکشن میں دھاندلی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔ ممبران نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اور الیکشن کمیشن سے الیکشن میں ہونے والی ناانصافیوں کا جائزہ لینے اور جلد تحقیقات کرانے کا پُرزور مطالبہ کیا۔ پارٹی ممبران کے مطابق پی ٹی آئی ناروے کے انٹرا پارٹی الیکشن میں MC کا کردار نہ صرف جانبدار تھا بلکہ انہوں نے خود ہی اپنے آپ کو صدارت کے لیے نامزد کر دیا جو جمہورت کی روح کے خلاف ہے۔ پی ٹی آئی ناروے کے سابق نائب صدر زاہد بشیر اور سابق جنرل سیکریڑی شیراز اختر نے تمام واقعات کو بھرپور پیش کرتے ہوئے جعلی مینڈیٹ رکھنے والے افراد کی جعل سازی کو بے نقاب کیا انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ناروے میں انٹرا پارٹی الیکشن میں ایس ایم ایس کر کے کہا جاتا ہے کہ آپ ہاں یا نہ میں جواب دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم یورپ میں رہتے ہیں اور ایسے اقدامات جمہوری رویوں کے منافی ہیں اور ایسے اقدامات سے پارٹی کو شدید نقصانات ہو رہے ہیں، قائدین نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ صرف ناروے کا نہیں بلکہ یورپ کے بیشتر ممالک میں بھی کارکنان اور ممبران کو اعتماد میں لیے بغیر انٹرا پارٹی الیکشن کرا دیئے گئے ہیں جو کہ مخلص کارکنان کے ساتھ سخت زیادتی ہے۔محمد طارق نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے اور کہا کہ جمہوریت کی سر بلندی کے لیے ہر موڑ میں کوشاں رہیں گے۔